نئی دہلی،7؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)وراٹ کوہلی کے لیے مہندر سنگھ دھونی کپتان ہی نہیں بلکہ سرپرست بھی تھے ۔ہندوستانی ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے نئے مقرر کپتان نے انکشاف کیا ہے کہ دھونی نے کئی بار انہیں ہندوستانی ٹیم سے باہر ہونے سے بچا لیا۔کوہلی نے 2008میں سری لنکا میں ون ڈے میں ڈبیو کے بعد اپنی بین الاقوامی کرکٹ دھونی کی کپتانی میں کھیلی۔اپنے ابتدائی دنوں میں کوہلی مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر پا رہے تھے لیکن دھونی نے ان پر مکمل اعتماد دکھایا اور ان کی جگہ محفوظ رکھی۔ کوہلی نے کہا کہ وہ(دھونی)ایسے انسان تھے جو شروع میں میرے رہنما تھے اور جنہوں نے مجھے موقع دیا۔انہوں نے مجھے ایک کرکٹر کے طور پر ابھرنے کا کافی وقت دیا اور کئی بار مجھے ٹیم سے باہر ہونے سے بچا لیا۔ہندوستان کے نمبر ایک بلے باز نے صاف کیا کہ کپتان کے طور پر دھونی کی جگہ لینا آسان نہیں ہوگا۔کوہلی نے کہا کہ یقینی طور پر ان کی جگہ بھرنا آسان نہیں ہے،جب آپ مہندر سنگھ دھونی کے بارے میں سوچتے ہو تو دماغ میں پہلا لفظ کپتان آتا ہے۔آپ مہندر سنگھ دھونی کو کسی دوسرے طریقے سے نہیں جوڑ سکتے،میرے لئے وہ ہمیشہ میرے کپتان رہیں گے۔دھونی نے بدھ کو محدود اوورز کی کپتانی بھی چھوڑ دی تھی جس کے بعد سلیکشن کمیٹی نے کوہلی نے ان دونوں فارمیٹس کا بھی کپتان مقرر کیا،وہ پہلے ہی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان تھے۔کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم سب سے پہلے انگلینڈ کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کھیلنی ہے جس کا پہلا میچ 15جنوری کو کھیلا جائے گا۔